نیکٹا کو فوری فعال کرنے کی ہدایت، اجلاس طلب

وزیراعظم نواز شریف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ہفتے کو وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نیکٹا کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اس کا انتظامی اجلاس بدھ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نیکٹا کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

انسدادِ دہشت گردی کمیٹی اس وقت تک فعال نہیں ہو سکتی جب تک قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس اداروں کے مابین کوآرڈینیشن نہ ہو۔ اداروں کے مابین مضبوط روابط کی روشنی میں ہی ملک کے مختلف حصوں سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ نیکٹا ایک خود مختارادارہ ہے جو براہ راست وزیراعظم کو جوابدہ ہے۔ اگرچہ اس کے نئے سربراہ حامد علی خان رواں برس نومبر میں حلف اٹھا چکے ہیں، لیکن نیکٹا کو ابھی مکمل طور پر فعال کیا جا نا باقی ہے۔

نیکٹا، قومی ایکش پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کرسکتا ہے، جس کی نگرانی وزیراعظم کی زیر نگرانی ایک خصوصی کمیٹی کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز انسدادِ دہشت گری کے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اطلاعات پرویز رشید، وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی وخارجہ امور سرتاج عزیز شامل ہیں۔

یہ تمام اہم اجلاس 16 دسمبر کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے تناظر میں منعقد کیے جارہے ہیں، جس کے دوران تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں نے 140 سے زائد معصوم افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

اس سانحے کے بعد پوری قوم سوگ میں ڈوب گئی جبکہ ملک کی سیاسی وعسکری قیادت بھی ملک سے دہشت گردوں کو نکال پھینکنے کے لیے متحد ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں مختلف حکمت عملوں پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store