پاک بحریہ کے تعاون پر مبنی بحری سیکیورٹی اور بحری سفارت کاری کے عزم کی عکاسی کرتے ہوئے، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی.دورے کا آغاز رائل ملائشین نیوی ہیڈ کوارٹرز سے ہوا، جہاں رائل ملائشین نیوی کے سربراہ، ایڈمرل تان سری (ڈاکٹر) ذوالحلمی بن اثنین Dr. Tan Sri Zulhelmy bin Ithnain نے ایڈمرل نوید اشرف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تیزی سے بدلتے ہوئے پیچیدہ بحری ماحول میں تزویراتی نقطہ نظر کو ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں سربراہان نے آپریشنل تعاون بڑھانے، استعداد کار میں اضافے اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف مربوط ردعمل پر اتفاق کیا۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ریاست کے طور پر خطے کی سلامتی کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے ہائیڈرو گرافی کو موثر بحری آپریشنز کی بنیاد قرار دیتے ہوئے، ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈرو گرافک سینٹر اور پاکستان کے نیشنل ہائیڈرو گرافک آفس (NHO) کے درمیان ادارہ جاتی روابط، بالخصوص پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیٹا کے تبادلے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مشترکہ اقدار اور دیرینہ دوستی پر مبنی پاکستان اور ملائیشیا کے بحری تعلقات عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق مسلسل مستحکم ہو رہے ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان ایک زیادہ مربوط، تعاون پر مبنی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ شراکت داری کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔