پاکستان نیوی نے شمالی بحیرہ عرب میں جدید FM-90(N) ER فضائی دفاعی میزائل کا کامیاب لائیو ویپن فائر کر کے اپنی جنگی تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نیوی کے جنگی جہاز نے انتہائی تیز رفتار اور چالاک فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس سے ملک کی بحری دفاعی صلاحیتوں کی توثیق ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق میں پاکستان نیوی نے سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی قابلیت دکھائی۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ، رئیر ایڈمرل عبدالمنیب، نے جہاز پر موجود رہ کر لائیو فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملکی سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاکستان نیوی کی ہر صورت ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔