ترجمان دفتر خارجہ نے فیلڈ مارشل کے دورہ امریکا سے متعلق ’رائٹرز‘ کی خبر کو غلط قرار دے دیا

ترجمان دفتر خارجہ فائل فوٹو ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ فیلڈمارشل کے امریکا دورے سے متعلق رائٹرز کی خبر درست نہیں۔ انہوں نے پاکستان کے عالمی اور خطائی امور پر موقف بھی واضح کیا اور اہم امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے فیلڈمارشل کے امریکا دورے سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی۔ ان کے مطابق اس دورے سے متعلق کوئی مصدقہ معلومات نہیں ہیں، اور سرکاری دوروں کا اعلان حکومت پاکستان باضابطہ طور پر کرتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں سے متعلق یکطرفہ اقدام خطے کے امن و امان کے لیے خطرہ ہے اور عالمی برادری کو بھارتی جارحانہ اقدامات کے خلاف نوٹس لینا چاہیے۔

اندرابی نے بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کی پامالی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق یقینی بنانے چاہیے۔ خاص طور پر بہار کے وزیراعلیٰ کے ہتک آمیز رویے کی بھی مذمت کی گئی۔

دفتر خارجہ نے افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ ترجمان کے مطابق سلامتی کونسل کی رپورٹ پاکستان کے موقف کی تصدیق کرتی ہے اور خاص طور پر ٹی ٹی پی اور دیگر غیر ملکی دہشتگرد عناصر کا ذکر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی، فائر بندی کی عدم موجودگی، بارڈر بندش اور تجارت کی معطلی دہشتگردی سے جڑی ہوئی ہیں۔ پاکستان کے تحفظات اقوام متحدہ کی رپورٹس سے ہم آہنگ ہیں اور دہشتگرد عناصر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے موقف کو عالمی سطح پر پیش کر رہا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کوشاں ہے۔

install suchtv android app on google app store