وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے ہمارے نمبر مکمل ہیں اور ترجیح ہے کہ ترمیم مشاورت کے ساتھ آئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کی تمام شقوں پر ابھی تک اتفاق نہیں ہو سکا، اور عرفان صدیقی بیمار ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکتے۔ خواجہ آصف نے دعا کی کہ ترمیم آج سینیٹ سے منظور ہو جائے۔
ایک سوال پر کہ ترمیم عوام کے حق میں بھی ہوگی، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تجویز ہے تو اسے منظور کیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے افغانستان کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں اور کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دہشتگردوں نے صوبے بانٹے ہوئے ہیں اور کابل حکومت کا کنٹرول پورے ملک پر نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ہر علاقے میں کیا جائے گا، چاہے وہ بلوچستان ہو یا خیبر پختونخوا، اور طالبان حکومت کے ساتھ اعتماد کا کوئی رشتہ باقی نہیں۔
وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین سے دہشتگردی جاری رہی تو جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "محبت کا جواب محبت سے دیں گے، ورنہ ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔"
بھارت کے ساتھ تعلقات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ اب بھی ویسے ہی ہیں جیسے جنگ کے دوران تھے۔