وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں،سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا چلایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے خلاف چند عناصر جھوٹی خبریں پھیلارہےہیں۔
معرکہ حق میں شکست کے بعد دشمن کو پاکستان کی عزت ہضم نہیں ہورہی،پروپیگنڈا کرنےوالے عناصر کو جلد بے نقاب کریں گے،عوام سے گزارش ہے کہ بغیر تصدیق کوئی خبر آگے نہ پھیلائیں۔
وزیراعظم شہبازشریف آزاد کشمیر عوام کے مسائل حل کیلئے پرعزم ہیں،انہوں نے فوری کمیٹی مظفرآباد بھیجی،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
کشمیری عوام کی ہر قسم کی معاونت جاری رکھیں گے،کشمیر کے ساتھ پاکستان کی محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔دشمن جھوٹی خبریں چلانےوالوں کو فنڈنگ کررہاہے۔معرکہ حق کے بعد آزاد کشمیر کا معاملہ دوبارہ عالمی سطح پر زندہ ہواہے۔
اس موقع پر وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس ریاست کا ایک ذمہ دار ادارہ ہے،اسلام آباد پولیس کی قیام امن کیلئے دی گئی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیاجاسکتا۔
پرانی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر ڈرامائی انداز میں شیئر کیا گیا،پاکستان اور کشمیر کے رشتے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیں گے،اسلام آباد میں کسی قومیت کے ساتھ کوئی تفریق نہیں کی جاتی ہے،عوام الناس سے درخواست ہے کہ جعلی اور من گھڑت ویڈیوز پر یقین نہ کریں۔