وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خدمت اور فلاح و بہبود کا جذبہ ہماری سماجی اقدار اور تہذیب کا نہایت قیمتی اثاثہ ہے، جو معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ضرورت مندوں کی مدد اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر توجہ دینا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ حالیہ سیلاب نے اس حقیقت کو مزید واضح کر دیا ہے کہ امداد اور عطیات نہ صرف انسانی ہمدردی کی علامت ہیں بلکہ بحران کے دوران معاشرتی استحکام اور عوامی تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عطیات کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستانی تاریخ گواہ ہے کہ عوام نے ہمیشہ رنگ و نسل اور تعصب سے بالاتر ہو کر دوسروں کی مدد کی۔
رضاکاروں اور خدمت گاروں نے ہر مشکل میں عملی اور مالی تعاون فراہم کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان عالمی سطح پر عطیات دینے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔
جہاں مخیر حضرات مفت علاج، دسترخوان اور ایمبولنس سروس جیسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال جیسے اداروں سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے امداد اور عطیات کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے کیونکہ متاثرین خوراک، چھت اور صحت سہولیات کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، عوام اور فوج مل کر ریسکیو اور ریلیف میں مصروف ہیں اور متاثرین کی بحالی میں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔