عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کردی۔
موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ساورن ریٹنگ سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کردی گئی ہے۔
موڈیز کے مطابق ریٹنگ میں بہتری کی وجوہات میں گورننس میں بہتری، زرمبادلہ کے ذخائر کا مضبوط ہونا اور مقامی قرض لینے کی لاگت میں کمی وجوہات میں شامل ہے۔
موڈیز نے پاکستان میں مسلسل میکرواکنامک استحکام کو بھی ریٹنگ میں بہتری کی وجہ قرار دیا ہے۔
موڈیز کے مطابق ان شعبوں میں بہتری سے پاکستان کی بیرونی پوزیشن مستحکم اور مالیاتی اشاریے بھی بہتر ہوں گے۔
خیال رہے کہ تقریباً 12 ماہ میں موڈیزنے پاکستان کی ریٹنگ دو درجے بہترکی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کے لیے نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اوراصلاحات پرعالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے موؤثر اقدامات کیے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پراعتماد بڑھ رہا ہے، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔