استعفے واپس نہیں لیں گے، بانی کی واضح ہدایات ہیں، بیرسٹرگوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اسپیکر استعفیٰ قبول نہیں کر رہے ہیں لیکن ہمارا فیصلہ اٹل ہے۔ ہم استعفے واپس نہیں لیں گے کیونکہ یہ بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام اراکین قومی اسمبلی (National Assembly) استعفے دے چکے ہیں۔ صرف ان کے استعفے رہتے ہیں جو ملک سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا اسی طرح زلزلے (Earthquake) اور سیلاب کے خلاف بھی نیشنل ایکشن پلان بنانا چاہیے۔ یہ وقت الزامات کا نہیں ہے۔ یہاں بہت لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی ایسی پالیسی بنانی چاہیے جس میں پنجاب یا خیبر پختونخوا نہیں بلکہ پاکستان ہو۔ نقصان کسی بھی صوبے کا ہو یہ پاکستان اور ہمارے بھائیوں کا نقصان ہے۔ روی، سیالکوٹ، وزیر آباد، سوات میں سیلاب کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی دوست دشمن نہیں ہوتا۔ بلکہ پالیسی چلتی ہے۔ وقت کے ساتھ سیاسی دشمن دوست اور دوست سیاسی حریف بھی بن جاتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا ہر فیصلہ قابل قبول ہے اور انہوں نے وجوہات بھی بتائی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فی الحال ہمارے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ہی ہیں۔ بانی نے محمود اچکزئی کو نامزد ضرور کیا ہے اگر عدالتی اسٹے نہیں ملتے تو محمود اچکزئی ہی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا تاہم اس کے باوجود ہم نے مذاکرات کی بہت کوشش کی۔ ہم نے کمیٹی بنا کر سیاسی لوگوں سے بات چیت کے لیے محمود اچکزئی کو اختیار بھی دیا۔ کہ جائیں سیاسی لوگوں سے بات کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی عمران خان نے کہا ہے قوم، ملک آزاد عدلیہ اور جمہوریت کی خاطر میں بات کرنے کو تیار ہوں۔ ہمارا حکومت کے ساتھ بیٹھنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی۔

install suchtv android app on google app store