صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب اور موسمی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصان اور تباہ کاریوں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت، بنیادی سہولیات کی بحالی اور فوری امدادی کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر زرداری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کریں، ریسکیو ٹیمیں فعال کریں اور نقصان کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کریں تاکہ وہ اس مشکل صورتحال سے جلد باہر نکل سکیں۔
ایک بیان میں صدر مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتےہوئے کہا کہ کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے بڑے پیمانے پر نقصان پر افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کےلیے فوری تیاری کرے، یقین ہے پاکستانی قوم مشکلات کا مقابلہ حوصلے اور عزم کے ساتھ کرے گی۔
صدر زرداری مزید کہنا تھا کہ 2010 اور 2022 کے سیلابوں کی طرح اس بار بھی قوم سرخرو ہو گی، آزمائش کی گھڑی میں افواجِ پاکستان نے عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی۔