پاک فوج کی جانب سے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز تیزی سے جاری ہیں، جہاں پاک فوج کے انجینئر کور کے دستے شانگلہ اور بونیر میں متاثرین کی بحالی، امدادی سامان کی تقسیم اور حفاظتی اقدامات کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ سیلاب زدگان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے اور نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو آپریشنزکے بعد پیر بابا بائی پاس تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے عوام کی سہولت کیلئے پیر بابا بازار میں رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔
پاک فوج کی مشینری نے 7 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ الوچ پُورن 20 کلومیٹر سڑک بحال کردی۔
ریسکیو آپریشن کے بعد پُورن گاؤں کا زمینی رابطہ بحال ہوگیا، مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات کا بیان جاری
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
گزشتہ روز کہیں درمیانی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم آج بھی فعال رہے گا۔
ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ہے اور آج دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر سے شام، اور رات کے دوران تیز بارش اور ہوائیں چل سکتی ہیں۔
بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
تاہم محکمے کا کہنا ہے کہ آج رات سے سسٹم کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
دوسری طرف کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔