وزیرخزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم

وزیرخزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم فائل فوٹو وزیرخزانہ سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کو فروغ دینے کا عزم کیا اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نٹالی بیکر نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی جہاں پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عزم کیا گیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ تجارت اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، موڈیز کی طرف سے حالیہ اپ گریڈ پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا ثبوت ہے، سخت اور ضروری معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اور برآمدات کی ترقی چاہتا ہے، پاکستان کی معاشی اور ترقیاتی امداد پر امریکا کے شکر گزار ہیں۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے گزشتہ دورہ امریکا میں امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے کے سفیر جیمیسن گریر کے ساتھ تعمیری گفتگو ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک-امریکا ٹیرف معاہدہ اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا پیش خیمہ ہو گا، توانائی، کان کنی اور معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاہدے کا مقصد مارکیٹ تک رسائی بڑھانا، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر نٹالی بیکر نے کہا کہ تجارتی معاہدے سے پاکستان اور امریکا کو دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کا موقع ملا ہے، امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے سے سپلائی چین، پیداوار، پراجیکٹ مینجمنٹ، توانائی، اہم معدنیات، کان کنی اور تیل کی تلاش میں تعاون بڑھے گا۔

امریکی ناظم الامور نے دونوں اطراف اقدامات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک-امریکا معاہدہ باہمی طور پر فائدہ مند نتائج کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

install suchtv android app on google app store