بھارتی ایئر چیف کا تاخیری دعویٰ غیرمعقول اورنامناسب ہے ، دونوں ممالک آزاد اداروں کو طیاروں کا مکمل ریکارڈ دکھائیں، وزیردفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ائیر چیف کے مضحکہ خیر بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت نے یہ فرضی دعوی ٰکرنے کے لئے 3 ماہ کاعرصہ لگایا، جو بذات خود غیر معقول اور نامناسب ہے۔ خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے اس تاخیری دعویٰ کو نہایت غیر معقول اور نامناسب قرار دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کے فوری بعد عالمی میڈیا کو تفصیلی ٹیکنیکل بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے رافیل سمیت 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جب کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور ڈرونز تباہ ہوئے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے دوران متعدد بھارتی ایئر بیسز کو ناکارہ بنایا گیا جب کہ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو شدید جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے جنگ کے 3 ماہ بعد مضحکہ خیز دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے جھڑپوں کے دوران 5 پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا تھا، یہ بیان بھارت کی طرف سے ہمسایہ ملک کے ساتھ کئی دہائیوں میں بدترین فوجی تنازع کے بعد پہلا ایسا دعویٰ ہے۔

خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے اس تاخیری دعویٰ کو نہایت غیر معقول اور نامناسب قرار دیا۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی جنگی کامیابیوں کو عالمی رہنماؤں، خود بھارتی سیاست دانوں اور عالمی انٹیلی جنس رپورٹس میں تسلیم کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی ایئر چیف اگر اپنے دعوے میں سچے ہیں تو اپنے طیاروں کی انوینٹریز کو آزادانہ تصدیق کے لئے پیش کریں۔

وزیر دفاع نے بھارت پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔

install suchtv android app on google app store