قومی اسمبلی میں یوم استحصال کشمیر پانچ اگست کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارت کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
قومی اسمبلی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے پانچ اگست دو ہزار انیس کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
ایوان نے جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کشمیریوں کی جرأت، قربانیوں اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایوان نے بھارت کے تمام غیر آئینی اقدامات، داخلی قوانین اور پالیسیوں کو مسترد کرتے ہوئے، کشمیر کے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
قرارداد میں زور دیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔