صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو فوری ریسکیو اور ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالا جائے۔ حادثے کی وجوہات فوری معلوم کر کے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو بچانے کے حوالے سے ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کہتے ہیں سانحہ پر دلی دکھ اور افسوس ہوا ہے،دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔