الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور

سینیٹ فائل فوٹو سینیٹ

الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور ہوگیا۔ سینیٹ نے کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ 2024 بل کی منظوری دے دی۔

قومی اسمبلی کے بعد ایوان بالا سینیٹ نے بھی الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چوہدری نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا، جبکہ اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، اور بل کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ آج پی ٹی آئی کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے، لیکن ان کے دور میں ایک ووٹ کی اکثریت سے اسٹیٹ بینک قانون منظور کرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 میں 2 ترامیم متعارف کرائی گئی ہیں۔ پہلی ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 66 اور دوسری ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 104 میں متعارف کروائی گئی ہے۔

پہلی ترمیم کے مطابق کسی سیاسی جماعت کی جانب سے وابستگی کا اقرار نامہ تبدیل نہیں کیا جا سکتا، جبکہ دوسری ترمیم میں کہا گیا ہے جس پارٹی نے مخصوص نشستوں کی فہرست نہ دی ہو اسے مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فل کورٹ بینچ نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے رکھا ہے، تاہم اب نئی قانون سازی کے بعد سوال پیدا ہوگیا کہ کیا اس قانون کا اطلاق ماضی سے ہوگا یا نہیں۔

install suchtv android app on google app store