قومی اسمبلی نے انتخابات ترمیمی بل 2025 کثرتِ رائے سے منظور کر لیا ہے۔ بل پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے ایوان میں پیش کیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں ضابطہ فوجداری میں ترمیم کا بل بھی پیش کیا گیا، جو پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کی جانب سے پیش کیا گیا، جبکہ کمپنیز ترمیمی بل 2026 بھی ایوان میں پیش کیا گیا، یہ بل بھی پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے پیش کیا۔
اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی گوہر علی خان نے انتخابات ترمیمی بل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے اور اس حوالے سے اختیارات سپریم کورٹ کے پاس ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ یہ اختیارات آئینی عدالت میں لے جا رہے ہیں، جس سے مزید تضادات اور اختلافات پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ قائمہ کمیٹی نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن قائمہ کمیٹی میں ہوتی تو وہاں اپنی رائے کا اظہار کر سکتی تھی، مگر اپوزیشن قائمہ کمیٹیوں میں شرکت نہیں کرتی۔