پاکستان کی نئی سیاسی جماعت ’ عوام پاکستان‘ کے بانی رہنما مفتاح اسماعیل نے جوانی میں محبت سے متعلق سوال پر دلچسپ جواب دیا ہے۔
اس دوران اُنہوں نے ملکی سیاست، معیشت پر بات کی اور میزبان تابش ہاشمی و ناظرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیے۔
مفتاح اسماعیل سے تابش ہاشمی نے پوچھا کہ آپ نے ن ليگ خود چھوڑی يا نکال ديے گئے؟
اس سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں جب وزیر بھی تھا اُس دوران بھی میری عادت تھی کہ میں کھلی بات کرتا تھا،
جو سچ ہوتا تھا وہ بولتا تھا، میں نے حکومت میں رہتے ہوئے کچھ آرٹیکلز لکھے تھے جو کہ حکومت کو پسند نہیں آئے تھے،
میری ذہنیت تھی کہ میں سیاسی جماعت کا ممبر ہوں، مجھے نوکری نہیں کرنی ۔
مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ میں کبھی بدتمیزی نہیں کرتا جو صحیح بات ہوتی ہے بس وہ بول دیتا ہوں اور میرے خیال میں اس عمر میں انسان کو سچ بول دینا چاہیے۔
اسی دوران مفتاح اسماعیل سے سوال پوچھا گیا کہ کيا اُنہیں جوانی ميں کسی سے محبت ہوئی ہے؟
اس دلچسپ سوال کا معروف سیاستدان نے جواب بھی دلچسپ ہی دیا۔
مفتاح اسماعیل نے سوال پوچھنے والے لڑکے سے کہا کہ آڈئینس میں بیٹھے میری دو لڑکوں سے دوستی ہو گئی ہے،
دونوں ہی اپنی صحت سے باڈی بلڈرز لگ رہے ہیں، آپ باہر نکلو اس جواب میں آپ کو باہر دوں گا۔
بعد ازاں ہنستے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری عمر اب 59 سال ہے،
میرے بچے اب نوعمری میں ہیں، ایک زمانہ تھا مگر اب شوق صرف سیاست کا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں سیاستدان مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر مجھے وزیر اعظم شہباز شریف کی اگر کال آئی تو میں ضرور اٹھاؤں گا مگر ان کی جانب سے وزارتِ خزانہ کی آفر قبول نہیں کروں گا، اس کے لیے میرا صاف انکار ہے۔