چیف الیکشن کمشنر کو سفیر تعینات کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں: ترجمان

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا فائل فوٹو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی بیرون ملک سفیر کے طور پر تعیناتی کی خبریں گمراہ کن اور بالکل بے بنیاد ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے بارے میں یہ گمراہ کن افواہ کہ ان کو بیرون ملک سفیر بنایا جا رہا ہے، بالکل بے بنیاد ہے، نہ ہی حکومت نے ان کو ایسی کوئی آفر کی ہے اور نہ ہی ان کا ایسا ارادہ ہے، وہ اپنی مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد بھی اپنے ملک میں ہی رہیں گے اور کسی بھی بیرون ملک اسائنمنٹ کے طلب گار نہیں ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایسی افواہیں پھیلانے والے کو اور اس کی اس افواہ کو بڑھانے والوں کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا بھی ایسے شرپسند عناصر کا مقابلہ کرنا بخوبی جانتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو کینیڈا میں سفیر لگا رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر ممبران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمارے پاس رپورٹس ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو یہ حکومت نوازنے کے لیے کینیڈا بھیج رہی ہے، انہیں کینیڈا میں سفیر لگایا جا رہا ہے۔

install suchtv android app on google app store