نامزد وزیر اعظم اور سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب نے دعوی کیا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے 180 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعظم عمر ایوب کا کہنا تھا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں جہنوں نے وزارت عظمیٰ کے الیکشن کے لیے نامزد کیا، یہ جیت پاکستان تحریک انصاف کی ہوگی، یہ کرسی بانی پی ٹی آئی کی امانت ، میں قومی اسمبلی میں وزارت عظمٰی کا الیکشن لڑوں گا۔
عمر ایوب نے بتایا کہ ہم پر پولیس گردی کی گئی، ہمیں دیوار سے لگایاگیا، نگران حکومت نے اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا، پولیس مختلف مقدمات میں ہمارے لوگوں کو اٹھا رہی ہے، آج بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لاپتا کیا جارہا ہے، مارے کارکنان پر بوگس ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں۔
رہنما پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی سیٹوں پر پی ٹی آئی کو کامیاب قرار دیا جائے، مزید کہا کہ ہمارے 180 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
عمر ایوب نے کہا کہ لوگ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کے پاس پولنگ ایجنٹس نہیں ہیں مگر پی ٹی آئی کے امیدوار بھی تھے اور پولنگ ایجنٹس بھی تھے، پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں 180 نشستیں جیتی ہیں۔
اس موقع پر رہنما پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کی 180 نشستیں جیتی ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد حکومت کی تشکیل پہ بات ہوتی ہے مگر بد قسمتی سے ابھی تک الیکشن کمیشن نے نتائج جاری نہیں کیے، پی ٹی آئی نے بر وقت اور آئین کے مطابق فری اینڈ فئیر الیکشنز کے لیے بہت کام کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری خیبر پختونخوا میں 42 سیٹیں ہیں، پنجاب میں ہماری 50 کے قریب سیٹیں ہیں، ووٹ پر امن طریقے سے ہوئے، تمام پارٹیوں کو فارم 45 ملا، فارم 45 کے مطابق نتائج کا اعلان کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہماری جماعت کو ریلیوں اور ورکرز کنوشن کی اجازت نہیں دی گئی، ہمیں انتخابی نشان بلا ملا اور نہ انتخابی مہم چلانے دی گئی، ہمارے ورکرز اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیےگئے،پی ٹی آئی کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی، ہمیں پنجاب میں جیتی ہوئیں 50 نشستیں نہیں دی گئی ہیں، پنجاب میں ہماری اکثریت کو کم کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کی کوشش کی ہے، عوام 8 فروری کو بڑی تعداد میں نکلے اور پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔
سابق کمشر راولپنڈی کے انتخابات میں میبنہ دھاندلی کے حوالے سے بیان پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف دیا کہ سابق کشمنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کی آواز پر فیصلہ کیا ہے، یہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے، پی ٹی آئی اس معاملے کے انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے، جو رپورٹ ہو پھر وہ عوام کے سامنے لائی جائے۔