عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو چیلنج کر دیا

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی اور جیل ٹرائل کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔عمران خان کی جانب سے درخواست سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور اڈیالہ جیل کے سپرینٹنڈنٹ کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے غیرقانونی طور پر توہین کمیشن کی کارروائی شروع کی ہے، الیکشن کمیشن کے پاس توہین کمیشن کی کارروائی کا اختیار نہیں ہے۔

درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جیل ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے جو غیر قانونی ہے، جیل میں خفیہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل 4 کی خلاف ورزی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر کی تاریخ جیل میں فرد جرم کی کارروائی کے لیے مقرر کی ہے، عدالت الیکشن کمیشن کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دیتے ہوئے سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔

install suchtv android app on google app store