سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ

سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ فائل فوٹو سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی۔

اڈیالا جیل میں سائفر کیس کی سماعت سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی۔

اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور جوڈیشل مسجٹریٹ کے حکم پر آج میڈیا نمائندوں کو بھی کوریج کے لیے جیل کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

عدالت نے قرار دیا کہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر 12 دسمبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت کی جانب سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کیس کی نقول فراہم کر دی گئی ہیں، نقول میں سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ کو سائفر کیس میں قصوروار قرار دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکلا کی جانب سے کیس کی نقول فراہم نہ کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت قائم خصوصی عدالت نے عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس میں فرد جرم عائد کردی تھی۔

25 اکتوبر کو عمران خان نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دی تھی۔

21 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں جاری جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل کو منظور کرتے ہوئے جیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹی فکیشن غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔

بعدازاں 23 نومبر کو سائفر کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 28 نومبر کو اسلام آباد کے فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس (ایف جے سی) میں پیش کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

28 نومبر کو عمران خان کو خصوصی عدالت میں پیش کرنے سے اڈیالہ جیل حکام نے سیکیورٹی خدشات کے سبب معذرت کرلی تھی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا تھا کہ کیس کا اوپن ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہی ہوگا۔

یکم دسمبر کو وفاقی وزارت داخلہ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

2 دسمبر کو عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی کارروائی اڈیالہ جیل میں دوبارہ شروع ہوئی تاہم جیل حکام نے بیشتر صحافیوں کو اوپن ٹرائل میں شرکت سے روک دیا۔

سماعت کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی حاضری لگائی گئی جس کے بعد سماعت 4 دسمبر (آج) تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

install suchtv android app on google app store