پاکستان تحریک انصاف کے نامزد چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عمران خان چیئرمین پی ٹی آئی تھے ہیں اور تاحیات رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر، میرے ضلع، میرے صوبے اور پوری ٹیم پر جو اعتماد کیا ، اس پر ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ میں ان کے نامزد کردہ نمائندے اور جانشین کی حیثیت سے ہوں گا، پی ٹی آئی وہی ہے جو خان صاحب کی ہے، عمران خان جیل کے اندر ہوں یا باہر، وہ لیڈر ہیں، یہ فیصلہ ہوچکا کہ وہ چیئرمین تھے، ہیں اور تاحیات چیئرمین رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک چیئرمین کی ذمے داریاں نبھاؤں گا جب تک عمران خان اپنی سیٹ پر باعزت طور پر واپس نہیں آجاتے اور انشاءاللہ وہ دور نہیں ہوگا، جب وہ واپس آئیں گے ، ہوسکتا ہے وہ دن کل ہی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا نظریہ، پی ٹی آئی، ہمارا کام، ہماری جدوجہد وہی ہے جس کی عمران خان نے ابتدا کی اور چلا رہے ہیں، ہمارا وہی اول و آخر نظریہ ہے جو عمران خان کا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا اللہ ہمیں ہمت دے کہ اس بھاری ذمہ داری کو مشکل وقت میں نبھا سکیں، جو لوگ یہاں تک ہمیں لے آئے کہ عمران خان کو یہ قدم اٹھانا پڑا، یہ دن واپس پھر جائیں، اور عوام کا لیڈر واپس عوام میں آکھڑا ہو۔