وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم خرم اقبال کے خلاف انسانی اسمگلنگ سے متعلق 5 سے زائد مقدمات درج اور 11 سے زائد انکوائریاں بھی درج تھیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر صائم سلطان کی زیرِ نگرانی چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کی۔ ملزم کے خلاف انکوائریز اور مقدمات 2021 سے 2023 کے دوران درج ہوئے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے متعدد متاثرین سے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے، گرفتار ملزم متاثرین سے پیسے وصول کر کے روپوش ہوگیا تھا۔
گزشتہ ماہ ایف آئی اے نے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی ریڈ بک جاری کی تھی جس میں 156 انسانی اسمگلرز شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
ریڈ بک کے مطابق ایف آئی اے لاہور زون کو 20، گجرانوالہ زون کو 71، فیصل آباد زون کو 12، ملتان زون کو 3 ملزمان مطلوب ہیں۔ اسلام آباد زون کو 34، کراچی زون کو 12، بلوچستان اور کے پی زون کو دو، دو انسانی اسمگلرز مطلوب ہیں۔
ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ انسانی سمگلرز کی گرفتاری کیلیے کریک ڈاون جاری ہے، مطلوب ملزمان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹس بلیک لسٹ کیے گئے۔