ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو عدلیہ سمیت ہر ادارہ مستحکم ہو گا: چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال فائل فوٹو چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو عدلیہ سمیت ہر ادارہ مستحکم ہو گا، فروری 2023ء میں سپریم کورٹ کے سامنے کئی آئینی مقدمات آئے، آئینی ایشوز میں الجھا کر عدالت کا امتحان لیا گیا، شدید تنقید کے باوجود میں نے اس سال صرف ایک از خود نوٹس لیا۔

عدالتی سال کے آغاز پر فل کورٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ بطور چیف جسٹس آخری بار نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کر رہا ہوں، گزشتہ سال اس تقریب میں عدالت کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی تھی، ایک سال میں سپریم کورٹ نے ریکارڈ 23 ہزار مقدمات نمٹائے۔

ان کا کہنا ہے کہ زیرِ التواء مقدمات کی تعداد میں 2 ہزار کی کمی ہی کر سکے، سخت امتحان اور ماحول کا کئی مرتبہ عدالت خود شکار بنی، جو واقعات پیش آئے انہیں دہرانا نہیں چاہتا لیکن اس سے عدالتی کارکردگی متاثر ہوئی، تمام واقعات آڈیو لیکس کیس میں اپنے فیصلے کا حصہ بنائے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کا کہنا ہے کہ سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس کے طور پر بہت سی امیدیں لے کر جا رہا ہوں، پُر امید ہوں کیونکہ سپریم کورٹ نے بہت مشکل وقت کاٹ لیا ہے، ہم میں سے کسی نے بھی اسمبلی کی تحلیل کے بعد عام انتخابات 90 دن میں کرانے پر اختلاف نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مشکل اس لیے پیش آئی کہ یہ ایک سیاسی لڑائی تھی، عدالت کی ذمے داری یہ بتانا ہے کہ آئین کیا کہتا ہے، عدالت کی بھی کچھ آئینی حدود ہیں جن کے پابند ہیں، سپریم کورٹ نے سوموٹو نمبر 4/2021 میں از خود نوٹس کے طریقہ کار کو واضح کیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ شدید تنقید کے باوجود اس سال کے 9 ماہ میں صرف ایک از خود نوٹس لیا، امید ہے کہ میرے قابل جانشین از خود نوٹس کے معاملے میں بہتر میکنزم بنائیں گے، عدالتی چھٹیوں کے دوران 5 اور 7 ججز ہمہ وقت دستیاب رہے جو انتھک کام کرتے رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے معصومانہ ریمارکس کو طنزیہ بیانات کے طور پر پیش کیا گیا، جب میں نے کہا ’گڈ ٹو سی یو‘ تو اسے غلط رپورٹ کیا گیا، حالانکہ میں ہر ایک کو ’گڈ ٹو سی یو‘ کہتا ہوں، دعا ہے کہ ملک میں استحکام آئے، جب ملک میں سیاسی استحکام آئے گا توعدلیہ سمیت ہر ادارہ مستحکم ہو گا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر اربوں روپے کا ڈیم فنڈ رکھنے کا الزام لگایا جاتا ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے ڈیم فنڈ قائم کیا گیا تھا، یہ فنڈ گورنمنٹ سیکیورٹی میں ہے، ڈیم فنڈ میں اگست 2023ء میں 4 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اگست میں بھی فنڈز میں رقم آنے کا مطلب عوام کا سپریم کورٹ پر اعتماد ہے، ڈیم فنڈ کے 18.6 ارب روپے سرکاری بینک کے ذریعے اسٹیٹ بینک میں انویسٹ کیے گئے ہیں، ڈیم فنڈ کی نگرانی سپریم کورٹ کا 5 رکنی بینچ کر رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ڈیم فنڈ تب تک قابلِ عمل نہیں ہو سکتا جب تک ٹھوس اقدامات نہ کیے جائیں۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کا کہنا ہے کہ خواتین ججز کے آنے سے سپریم کورٹ مزید مضبوط ہوئی، عدالتِ عظمیٰ کے انتظامی عہدوں پر بھی خواتین کا اضافہ ہوا، سپریم کورٹ کی خاتون ترجمان میڈیا کو بہترین طریقے سے لے کر چلیں، امید ہے کہ میڈیا کے ساتھیوں کو کوئی گلہ نہیں ہو گا، درست رپورٹنگ پر میڈیا کا خیر مقدم اور غلط رپورٹنگ پر درگزر کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنے تمام ساتھی ججز کا مشکور ہوں، جب آزاد دماغ ملتے ہیں تبھی اختلافِ رائے سامنے آتا ہے، امید ہے کہ سپریم کورٹ مزید مضبوط، با اختیار اور آزاد ہو گی، میں نے ناصرف اتفاقِ رائے بلکہ اختلافِ رائے سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store