عام انتخابات، پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن سے اہم مطالبہ

پی پی پی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مقررہ وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا فائل فوٹو پی پی پی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مقررہ وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سے پی)سے مقررہ وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں 4 ماہ لگیں گے، یہ اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدنگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی ​​مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی تاہم اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیلی نہیں ہونگی۔

شیری رحمان نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر جائز تحفظات کے باوجود، ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی،چونکہ موجودہ قومی اور صوبائی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی، اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کے ووٹرز عام انتخابات کی تاریخ کے منتظر تھے، حلقہ بندیوں کے شیڈول کے نہیں،انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی اور عدم استحکام کا باعث بنے گی، جس کا ملک متحمل نہیں۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمارا آئین الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے کہ وہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دنوں کے اندر عام انتخابات کرائے،ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔

install suchtv android app on google app store