تشدد کا شکار کمسن رضوانہ کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کیلئے بڑا امتحان ہے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بچی کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کے لئے بہت بڑا امتحان ہے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رضوانہ کو انصاف دینے کی بجائے ملزمان کو ضمانتیں ملنا افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے، مظلوم بیٹی کو بالآخر انصاف دیا جائے، ملزم گرفتار کئے جائیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کو واقعہ کا نوٹس لے کر رضوانہ کو انصاف دلانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے، مظلوم بیٹی رضوانہ کو انصاف دلائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی تاکہ جرم کرنے والے قانون کے مطابق سزا پائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ ایسا ظلم کرنے والے عناصر کو برداشت نہیں کرسکتا، رضوانہ کو اس حال میں پہنچانے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنی چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد، وفاقی پولیس نے سول جج کی اہلیہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا

انہوں نے کہا کہ واقعہ بچوں سے مشقت اور ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی انتہائی قابل شرم اور قابل مذمت مثال ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رضوانہ کو جو جسمانی اور ذہنی صدمات پہنچے، ان کے ازالے کے لئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، اس بچی کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کے لئے بہت بڑا امتحان ہے۔

install suchtv android app on google app store