خواجہ آصف نے چئیرمین سینیٹ مراعات بل کی مخالفت کردی

خواجہ آصف فائل فوٹو خواجہ آصف

وزہر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے چئیرمین سینیٹ مراعات بل اور اراکین اسمبلی کے پروٹوکول کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحیات 12 بندے سرکاری گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر کرے یہ غریب ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، درخواست ہے چیئرمین سینیٹ مراعات سے متعلق بل کو سپورٹ نہ کریں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتےہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جس طرح اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کیا خراج تحسین کے مستحق ہیں، امید ہے ملک اب بہتری کی طرف جائیگا، گزشتہ 4 سالوں میں ملک میں ایک تباہی مسلط کی گئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام واپس آئےگا، امید ہے جلد آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوجائے گا۔

انہوں نے چئیرمین سینیٹ کی مراعات میں اضافے کے بل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام تکلیف میں ہیں، ان حالات میں ایسی مراعات درست نہیں، تاحیات تو ایسی مراعات درست نہیں، ہم اس بل کا کسی طور دفاع نہیں کرسکتے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزرا کے ساتھ پروٹوکول کم کیا جائے، یہ نہیں ہونا چاہئے، ہم پروٹوکول کے ساتھ گزرتے ہیں تو لوگ گالیاں دیتے ہیں۔

واضح رہے ایوان بالا (سینیٹ) نے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین اور اراکین کی تنخواہوں، مراعات اور الاؤنسز میں اضافے کا الگ قانون منظور کر لیا ہے۔

بل کے مطابق چیئرمین سینٹ کے آفس الاؤنس کو 6 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دیا گیا، گھر کاکرایہ ایک لاکھ تین ہزار روپے سے بڑھا کر ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کر دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ کی سرکاری رہائش گاہ کے فرنیچر کے لیے ایک بار کے اخراجات ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 50 لاکھ روپے کر دیے گئے جبکہ بیرون ملک سفر پر چیئرمین کو ڈپٹی ہیڈ آف اسٹیٹ یا نائب صدر کا پروٹوکول ملے گا۔

جہاز سے سفر کرنے پر حکومت، فوج ، فلائنگ کلب یا چارٹرڈ سروس کا جہاز، ہیلی کاپٹر ریکوزیشن کیا جا سکے گا، چیئرمین سینیٹ بیرون ملک سفر پر کمرشل فلائٹ پر اپنے گھر کا ایک فرد یا ریکوزیشنڈ جہاز پر چار افراد کو ساتھ لے جا سکیں گے۔

اس کے علاوہ سابق چیئرمین سینیٹ کو 12 ملازمین کا عملہ ملے گا، رہائش گاہ پر سکیورٹی کے 6 اہلکار تعینات ہوں گے۔ سفر کے دوران اسکواڈ میں پولیس، رینجرز، فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 4 اہلکار شامل ہوں گے۔

فضائی حادثے کی صورت میں معاوضہ تین لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ ارکان سینیٹ کے بذریعہ سڑک سفر کا الاؤنس دس روپے کلومیٹر سے بڑھا کر 30 روپے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store