پاکستان اور آذربائیجان نے باہمی تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ رات سے آپ کے عظیم ملک آئے ہیں اس وقت سے ہمیں خوشگوار سرپرائزز مل رہے ہیں، میرے بھائی نواز شریف نے کہا تھا کہ جب آپ باکو جائیں گے تو آپ کو بہترین شہر دیکھ کر بہت خوشی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی آذربائیجانی صدر کے ساتھ روسی زبان میں گفتگو کی ویڈیو وائرل
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کے ذریعے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں شمسی توانائی کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں، ہم آذربائیجان کو پاکستانی چاول کی برآمد میں اضافہ چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان کی قومی ایئر لائن اسلام آباد کیلئے پروازیں شروع کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، روس یوکرین تنازعہ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ آذربائیجان کا دورہ کرکے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر آذربائیجان کے وژن سے بہت متاثر ہیں، آذربائیجان سے تعلقات کے فروغ کو اہم سمجھتے ہیں، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔
شہباز شریف نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی ظلم کا شکار ہیں۔ انہوں نےبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تنازع پر آذربائیجان کی طرف سے ہمیشہ پاکستان کے مؤقف کی تائید کو سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ ملاقات میں باہمی تجارت میں اضافہ پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں تعلیم، دفاع اور توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آذربائیجان کے صدر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا۔