سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی

سپریم کورٹ فائل فوٹو سپریم کورٹ

سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ' کے خلاف کیس کی سماعت  آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیےخوشی ہےکہ پارلیمنٹ اور حکومت ایک جیسے قوانین میں ترمیم کر رہی ہیں، حکومت کو عدلیہ کی قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ سے مشاورت کرنی چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 8 رکنی لارجربینچ نی کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔

آج سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل صاحب آپ نےکچھ کہنا تھا؟

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہمارے دو قوانین ہیں، ایک سپریم کورٹ ریویو آف آرڈر اینڈ ججمنٹ ایکٹ ہے، دوسرا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ہے، دونوں قوانین میں ریویو اور وکیل کرنے کی شقوں کی آپس میں مماثلت ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ زیادہ وسیع ہے، اس میں سپریم کورٹ کےاندرونی معاملات سے متعلق شقیں ہیں، دونوں قوانین میں سےکس پر انحصارکرنا ہے اس پر کسی ایک حل پر پہنچنا ضروری ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ دونوں قوانین میں ہم آہنگی کے لیے پارلیمنٹ کو دیکھنےکا کہہ سکتے ہیں، آپ کی اس تجویزکا خیر مقدم کرتے ہیں، خوشی ہےکہ پارلیمنٹ اور حکومت ایک جیسے قوانین میں ترمیم کر رہی ہیں، حکومت کو عدلیہ کی قانون سازی سے متعلق سپریم کورٹ سے مشاورت کرنی چاہیے۔

جسٹس محمد علی مظہرکا کہنا تھا کہ دیکھنا ہوگا کہ اگر قوانین ایک جیسے ہیں تو اس کا حل کیا جاسکتا ہے یا نہیں، اگر قوانین آپس میں مماثلت رکھتے ہیں تو فل کورٹ سے متعلق درخواستیں سننا وقت کا ضیاع ہوگا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالت اس معاملےکو پارلیمنٹ کو بھیج سکتی ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو یہ معاملہ نہیں بھیجیں گے، پارلیمنٹ اور حکومت اگر کوئی تجویز دیں تو اس پر غور کریں گے۔

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ حکومت سے ہدایات لےلیں تب تک کسی اورکو سن لیتے ہیں۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عدالت نے پارلیمنٹ کی کارروائی طلب کی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان نےکہا کہ اخبارات کے مطابق پارلیمنٹ نےکارروائی عدالت کو فراہم کرنے سے انکارکیا،لیکن ہم نے پارلیمنٹ کی کارروائی ان کی ویب سائٹ سے لے لی ہے، پارلیمنٹ کو شاید معلوم نہیں تھا کہ خوش قسمتی سے تمام کارروائی ویب سائٹ پر موجود ہے۔

چیف جسٹس نےکہا کہ اگلے ہفتے اس کیس کو سنیں گے، تمام وکلاء جو کراچی سے لمبا سفر کرکے آئے ان سےمعذرت کرتے ہیں، یہاں موسم خوشگوار ہے امید ہے سب انجوائے کریں گے

کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔

 

 

install suchtv android app on google app store