حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے: عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون کی حکمرانی کو پوری طرح پسِ پشت ڈالتے ہوئے حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر کاربند ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کو پوری طرح پسِ پشت ڈالتے ہوئے یہ فسطائی حکومت جنرل مشرف کے مارشل لاء کو کہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے، تحریک انصاف کو کچلنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر کاربند ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت اوندھے منہ تباہی کی گہری کھائی میں گرتی جارہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 315 روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ شناختی کارڈ نہ رکھنے والوں کیلئے تو یہ 320 سے 325 روپے میں دستیاب ہے۔ سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے نرخ میں 30 روپے فی ڈالر کا فرق ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ معیشت میں ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی/روپے کے مقابلے میں ڈالرز پر عوام/کاروباری طبقے کے غیرمعمولی اعتماد کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ملک میں مقامی یا غیرملکی سرمایہ کاری ناپید ہے جس سے مجموعی قومی پیداوار (GDP) میں شدید سکڑاؤ پیدا ہوگا یا معیشت کو اس سے بھی شدید دھچکہ پہنچے گا اور ملک نہایت بلند افراطِ زر (شدید ترین مہنگائی/ہائیپر انفلیشن) کے چنگل میں پھنسے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم رہنماؤں کے اربوں ڈالرز بیرونِ ملک تجوریوں میں محفوظ ہیں چنانچہ یہ قابلِ فہم ہے کہ (کیوں) انہیں (معیشت کی تباہی کی) رتّی بھر فکر نہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے پاکستانی مقتدرہ (اسٹیبلشمنٹ) ملک کو مکمل معاشی تباہی و بدحالی کی دلدل میں گرنے کی اجازت کیسے دے رہی ہے؟

install suchtv android app on google app store