حکومت پی ٹی آئی کو کچلنے کیلئے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے: عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 310 روپے میں فروخت ہورہا ہے اور ملک آج کل ریکارڈ کمر توڑ مہنگائی کےچُنگل میں ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہاہے کہ قرضوں کے حجم میں نہایت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ معیشت اسی تیزی سے سکڑ رہی ہے۔ ہماری مجموعی سالانہ آمدن تو اس سود کیلئے بھی ناکافی ہے جسے ہمیں اپنے قرضوں پر ادا کرنا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایسے میں جب معیشت ہماری نگاہوں کے سامنے بکھر رہی ہے، قوم پر مسلط فسطائی حکومت تحریک انصاف کو کچلنے کیلئے جبر و ستم کے نت نئے طریقوں کی ایجاد میں لگی ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم قیادت کو روپے کی قدر میں اس تاریخی گراوٹ سے یقیناً کچھ فرق نہیں پڑتا کیونکہ ناجائز طریقوں سےجمع کی گئی انکی ساری دولت ڈالروں کی صورت میں بیرون ملک چھپائی گئی ہے۔ پی ڈی ایم قائدین کیلئے تو روپے کی قدر میں گراوٹ سود مند (منافع بخش) ہے جبکہ پاکستان کے عوام غربت اور مہنگائی کے بوجھ تلے کُچلے جائیں گے۔

install suchtv android app on google app store