60 ارب کے چور نے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا، مریم کی عمران پر تنقید

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز فائل فوٹو پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 60 ارب کے چور نے چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنا دیا۔ 9 مئی کو نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کی زیر صدارت ایم ایس ایف سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کی پورے ملک میں تنظیم نو کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ماہ کے عرصے میں پچاس ہزار سے زائد طلبہ اور طالبات کی رجسٹریشن مکمل کی گئی۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ ایم ایس ایف نوجوانوں نسل کا ہراول دستہ ہے، آپ نظریہ پاکستان کے پرچم بردار ہیں، ایم ایس ایف کو فعال کرنے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریاتی خطوط پر تربیت دینا ہے۔ چاہتی ہوں ملک بھر میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کو’ تعمیر پاکستان فورس ’بناﺅں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں سے مستقبل کی قیادت سامنے لائیں گے، معاشرے کو تخریب کارکی تخریب کاری کے اثرات سے پاک کرنا ہے، 60 ارب کے چور نے چوریاں چھپانے کے لئے نوجوان کارکنوں کو تخریب کار فورس بنایا۔ 9 مئی اصل میں نوجوان نسل اور پاکستان کو لڑانے کی مذموم سازش تھی۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت نوجوانوں کے ذہن میں زہر بھرا گیا۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ن لیگ کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ مٹھی بھر مسلح جتھوں کے ذریعے پاکستان پر حملے کے لئے استعمال کیاگیا، نوجوانوں کی تعلیم، صحت اور مثبت سرگرمیوں میں شرکت پاکستان کی ترقی کا راستہ ہے، خوف کا بُت خوف خدا اختیار کرنے سے ٹوٹتا ہے، شہیدوں کے مجسمے توڑنے سے نہیں۔

مرکزی چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ فتنے نے پورے ملک خاص طورپر نوجوانوں کو جھوٹ بول بول کر ورغلایا، ذہنوں میں نفرت کی زہریلی فصل کاشت کی، قوم خاص طورپر نوجوانوں کے ذہن میں تحمل، برداشت، علم وآگاہی کے بیج بونے ہیں، یہ سمجھنا ہے کہ تخریب اور تعمیر کی قوتوں میں کیا فرق ہے، دہشت گردی اور احتجاج میں کیا فرق ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو کسی شرپسند، فتنہ پرور، سیاسی ٹھگ کی خواہشات کی بھٹی کا ایندھن نہیں بننے دیں گے، توشہ چورنے ملکی معیشت، کاروبار ، نوجوانوں کا روزگار تباہ کیا، انشاءاللہ، قوم کے اتحاد ، یک جہتی اور بھائی چارے کو مضبوط کریں گے، قوم کی تقسیم ختم، امن اور برداشت واپس لائیں گے۔ معیشت بحال ہوگی، کاروبارپھر سے چلے گا، نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

install suchtv android app on google app store