پاکستان ہر فورم پر چین کے مفادات کی حمایت کرے گا: وزیرخارجہ

وزیر خاجہ بلاول بھٹو کا اسلام آباد میں چینی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ خطاب اسکرین گریب وزیر خاجہ بلاول بھٹو کا اسلام آباد میں چینی ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ خطاب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چین نے کشمیر سمیت ہر معاملے پر پاکستان کی حمایت کی اور پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان ہر فورم پر چین کے مفادات کی حمایت کرے گا، پاکستان اور چین نے ہمیشہ دوطرفہ امور اور کثیرالجہتی فورمز پر بنیادی قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ہم جموں و کشمیر تنازع پر اس کے اصولی مؤقف سمیت تمام مسائل پر چین کی ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چوتھا دور ہوا جس کی مشترکہ صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چینی وزیر خارجہ چن گینگ نے کی۔

چینی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ اس سال چین پاک اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی ایک دہائی مکمل ہورہی ہے جس سے پاکستان میں سماجی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور لوگوں کی زندگیوں میں بہتری کو تیز کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ راہداری منصوبہ دنیا بھر کے تمام سرمایہ کاروں کیلئے کامیابی کی اقتصادی پہل ہے، پاکستان چین کی فراخدلانہ اور بروقت مدد کیلئے اس کا تہہ دل سے شکر گزار ہے کیونکہ ہم عالمی معیشت میں سرد مہری کا مقابلہ کرتے رہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ دوطرفہ امور اور کثیرالجہتی فورمز پر بنیادی قومی مفادات کے معاملات پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ہم جموں و کشمیر تنازع پر اس کے اصولی مؤقف سمیت تمام مسائل پر چین کی ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں قوموں کے باہمی فائدے کیلئے شراکت داری کی اہمیت سے بھی اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور آنیوالی دہائیوں میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستان اپنے قومی مفادات میں چین کی مضبوطی سے حمایت جاری رکھے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک چین دوستی غیر متزلزل ہے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی گرم جوشی اور اعتماد کثیر الثقافتی تعاون کی روشن مثال ہے، یہ دوستی ایک تاریخی حقیقت اور دو قوموں کا متفقہ انتخاب ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم ابھرتے ہوئے عالمی خدشات جیسے انسانی حوصلہ افزائی موسمیاتی تبدیلی کی روشنی میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے چین کے ساتھ منسلک رہنے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے میں سماجی اقتصادی ترقی، روابط اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے، ہم پرامن، مستحکم، خوشحال اور متحد افغانستان کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ نے زور دیکر کہا کہ پاکستان بلاک سیاست یا کسی بھی قسم کے زیادہ طاقت کے مقابلے کے خلاف ہے، پاکستان ترقی اور رابطوں کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

اس سے قبل چین کے وزیر خارجہ چن گینگ اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ پہنچئے، جہاں ان کا استقبال وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھرنے کیا، انہوں نے دفتر خارجہ کے لان میں درخت لگایا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، چین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، وزیراعظم چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ چین نے عالمی سطح کے ہر فورم پر پاکستان کی غیرمشروط حمایت کی، ذوالقفار علی بھٹو، آصف زرداری اور نوازشریف نے چین کے ساتھ اہم منصوبے شروع کئے، وزیراعظم شہباز شریف چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چین کی غیرمشروط حمایت پر شکر گزار ہیں، پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store