مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان مزدوروں کیلئے ریلی نکال رہا ہے، میں کہتی ہوں تم صرف پاکستان کیخلاف سازش کرنا بند کردو مزدوروں کا بھلا ہوگا، ہمارے محنت کش ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، خواہش ہے کہ کم سے کم اجرت 40 ہزار ہو۔
مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس پر کڑی تنقید کی۔
مریم نواز نے کہا کہ چند سال پہلے روٹی 2 روپے کی تھی، مزدور پیٹ بھر کر کھانا کھاتا تھا، نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کررہا تھا اور کارخانے لگ رہے تھے، پاکستان کی ترقی میں مزدوروں کا ہاتھ سب سے زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاکستان کے خلاف سازش بند کردینی چاہیئے، سازشیں بند کردو، مزدور کو روٹی ملنا شروع ہوجائے گی، ملکی ترقی میں عمران خان حائل ہے، عمران خان سیاسی شخص نہیں، دہشت گرد ہیں۔
ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ 2013 سے 2017 تک ملک ترقی کررہا تھا، 97 والا ڈالر 280 روپے کا ہوگیا اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ملک کو نوچنے والا پورا ٹولہ ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ترقی کے سفر سے ہٹا دیا ہے، خان صاحب ملک پر رحم کرو، ان کی جیل بھرو تحریک ناکام ہوئی۔