وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان کو حقیقی معنوں میں قومی زندگی کا بنیادی مرکز بنایا جائے ، آئین کی روشنی میں ترتیب دیئے گئے رولز آف دی گیم ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
پیرکو آئین پاکستان 1973کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی منا رہی ہے، یہ ایک مقدس دستاویز ہے جس نے گزشتہ نصف صدی کے دوران بہت سے طوفانوں کا سامنا کرتے ہوئے وفاق کومتحد رکھا۔
Constitution of Pakistan continues to be central to shaping our national character, identity & future trajectory. Time has come to place Parliament at the core of national life both in letter & spirit. Rules of the game framed in light of the Constitution show us the way forward https://t.co/ZPp6Kv5UKo
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 10, 2023
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس موقع پر آئین کے خالقوں کو ان کی سیاسی دور اندیشی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1973 کے آئین کا ہمارے قومی کردار، شناخت اور مستقبل کےلئے راستہ متعین کرنے میں مرکزی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پارلیمان کو حقیقی معنوں میں اپنی قومی زندگی کا محور بنایا جائے اور آئین کی روشنی میں بنائے گئے رولز آف دی گیم ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
اس موقع پر قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے انیس سو تہتر کے آئین کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغامات میں ملک کے اندر جمہوریت کے استحکام کے لئے آئین کی بالادستی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین تمام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔
سپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن ہمیں اس تاریخی موقع کی یاد دلاتا ہے جب پچاس برس پہلے ہمارے آبائو اجداد نے متفقہ طور پر انیس سوتہتر کے آئین کی منظوری دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ذوالفقار علی بھٹو کی بھرپور کوششوں اور دانش کا نتیجہ تھا جنہوں نے اس تاریخی دستاویز پر دستخطوں کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کے لئے اپنے اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔