پاکستان ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا رکن ہے بھکاری نہیں: وزیر خزانہ

 وزیر خزانہ اسحاق ڈار فائل فوٹو وزیر خزانہ اسحاق ڈار

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کا ممبر ہے کوئی بھکاری نہیں ہے، آئی ایم ایف میٹنگ میں جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، کنفیوژن پھیلائی جا رہی ہے آئی ایم ایف میٹنگ میں کیوں نہیں جا رہا، وزیراعظم کی ہدایت پر دورہ امریکا کو منسوخ کیا، ورچوئل میٹنگ میں اسلام آباد سے ٹیم کے ہمراہ جوائن کررہا ہوں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا وزارت خزانہ پر اہم ذمے داری پیسوں کے حوالے سے ہے، ملکی حالات کے باعث واشنگٹن میں میٹنگز میں ورچوئل شرکت کروں گا، ورچوئل میٹنگز کی تیاری کر چکا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ بحیثیت قوم ہم ایک بھنور میں پھنسے ہوئے ہیں، لوز ٹاک اور لوز تجزیہ مناسب نہیں ہے، کون سی قوتیں ملک کو بحرانوں میں دھکیل رہی ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ مجھے آئی ایم ایف نے منع کر دیا ہے، مجھے آئی ایم ایف منع نہیں کر سکتا، پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے بھکاری نہیں ہے، وزیرِ اعظم کے کہنے پر میں نے دورہ امریکا ملتوی کیا۔

انہوں نے کہا کہ حمایت کا عندیہ دینے پر دوست ممالک کے مشکور ہیں، آئی ایم ایف کا ریویو ان شاء اللّٰہ جلد فائنل ہوگا۔

وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے وفاقی حکومت 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو جاری کرے، 21 ارب روپے پنجاب الیکشن کے لیے ریلیز کرنے کی ہدایت ہے، حکومت کو 10 اپریل تک پیسے الیکشن کمیشن کو مہیا کرنے کی ہدایت ہے، پھر الیکشن کمیشن عدالت کو آ کر بتائے۔

اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آج سحری سے پہلے روانہ ہو کر کل امریکا پہنچنا تھا، پرسوں سے ورلڈ بینک سے اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی، اپریل میں آئی ایم ایف کی اسپرنگ میٹنگز اور سالانہ میٹنگز ہوتی ہیں، پاکستان میں آئینی بحران کی کیفیت ہے۔

 

install suchtv android app on google app store