ہنگامہ آرائی کیس: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔ فائل فوٹو پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چئیرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی پر توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماوں کی عبوری ضمانتوں میں 17 مئی تک توسیع دے دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر توڑ پھوڑ کے باعث پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنما اسدعمر، زلفی بخاری، عمرایوب، حماد اظہر، عامر کیانی، علی نواز، خرم نواز اور شہزاد وسیم عدالت میں پیش ہوئے۔

جج راجہ جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی حد تک ابھی آپ لوگ اسلام آباد ہائیکورٹ چلے گئے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصلہ نہیں کرسکتی۔

جج نے مزید ریمارکس دیے کہ 6 ہیں، 60 ہیں یا 70 درخواستیں ہیں، اسلام ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا، جب معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ چلا گیا تو سیشن عدالتوں میں سماعت نہیں ہوسکتی۔

تفتیشی افسر نے جج راجہ جواد عباس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ابھی تک شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو عدالت پیش ہونے میں مسائل ہیں کیونکہ اغواء کا ڈر ہے۔

جج راجہ جواد عباس نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت آپ کو حفاظت دیں؟۔

جج نے ہدایت کہ کہ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے لیکن آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنائیں۔

عدالت نے شبلی فراز، مراد سعید، فرخ حبیب اور حسان نیازی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے 17 مئی تک پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store