رمضان میں ضرورت مند افراد کی مشکلات کم کرنے کے لیے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے: وزیر اعظم

وزیر اعظم کی ضرورت مند افراد کیلئے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت فائل فوٹو وزیر اعظم کی ضرورت مند افراد کیلئے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ رمضان میں ضرورت مند افراد کی مشکلات کم کرنے کے لیے مفت آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

 اسلام آباد کے رہائشیوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے لاہور میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ماہ مقدس کے دوران لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق انہوں نے کہا ’میں لاہور، قصور اور سرگودھا کے دوروں کے بعد مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے دیگر شہروں کا بھی دورہ کروں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مستحق افراد کو فوری طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے جو ابھی تک اس پروگرام میں رجسٹر نہیں ہوسکے ہیں۔

انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور بی آئی ایس پی کے کاؤنٹرز فوری طور پر آٹے کی تقسیم کے مقامات پر کھولے جائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آٹے کی مفت تقسیم والے مراکز میں آنے والے ہر ضرورت مند کو آٹا دیا جائے، اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اقدامات کریں۔

دریں اثنا بلوچستان حکومت نے گندم کی کم از کم سپورٹ پرائس 4 ہزار روپے فی 40 کلو گرام مقرر کردی ہے اور یکم اپریل سے خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ روز جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں کسانوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کرکے گندم کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے یکم اپریل سے کاشتکاروں سے گندم کی خریداری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں محکمہ خوراک کو 6 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ محکمہ خزانہ گندم کی خریداری کے لیے جلد ہی محکمہ خوراک کو اضافی 2 ارب روپے جاری کرے گا۔

install suchtv android app on google app store