عدلیہ کو آڈیو ٹیپس کے ذریعے بدنام کیا جارہا ہے: چیف جسٹس

چیف جسٹس عمرعطا بندیال فائل فوٹو چیف جسٹس عمرعطا بندیال

چیف جسٹس آف پاکستان عمرعطا بندیال کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آئینی ادارہ ہے جسے آڈیوٹیپس کے ذریعے بدنام کیا جا رہا ہے، آئینی اداروں کو بدنام کرنے والی ان آڈیوٹیپس کی کوئی اہمیت نہیں ہے، ہم صبر اور درگزر سے کام لے رہے ہیں۔

سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر تبادلہ کیس میں دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم صبر، درگزر سے کام لیکر آئینی ادارے کا تحفظ کریں گے۔ آئینی اداروں کو اپنے فیصلوں میں تحفظ دیا ہے، عدلیہ پر بھی حملے ہورہے ہیں،عدلیہ کا بھی تحفظ کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے جسے تحفظ فراہم کریں گے، جمہوری عمل شفاف ہوناچاہیے۔ الیکشن کمیشن کو آئین کے تحت اختیارات حاصل ہیں لیکن اگرشفاف انتخابات میں بدنیتی ہوگی تومداخلت کریں گے۔

چیف جسٹس عمرعطابندیال کا کہنا تھا کہ بعض اوقات سپریم کورٹ کی باتوں کو غلط سمجھاجاتاہے، ہم نے یہ نہیں کہا آج تک صرف ایک ہی ایماندار وزیراعظم آیا بلکہ ایک کیس میں کہا کہ 1988میں ایک ایماندار وزیراعظم تھا، ہماری اس بات کو پارلیمنٹ نےغلط سمجھا۔

وکیل عابد زبیری نے کہا کہ میں نےغلام محمود ڈوگر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائرکی، تبادلے کیخلاف غلام محمود ڈوگرکی اپیل واپس لیتا ہوں جس پر سپریم کورٹ نے غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی بنیادپر خارج کردی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بیوروکریسی میں تبادوں کی منظوری کے بعد معاملہ ویسے بھی غیر مؤثر ہو چکا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں برابری کا موقع ملنا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کو تبادلوں کا کھلا اختیار نہیں دینا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store