آرمی چیف کیخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے: وزیراعظم

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے فوج اور فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کے خلاف بیرون ملک مہم کو ’غلیظ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کیخلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے، وزیر اعظم نے اس کی شدید مذمت کی اور بیرون ملک پاکستانیوں سے حصہ نہ بننے کا مطالبہ کردیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف بیرون ملک غلیظ مہم کی شدید مذمت کی اور آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں، زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں‘۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں، وزیر داخلہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں افراتفری، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے‘۔

بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ’پی ٹی آئی عمران نیازی کی ایما چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہی ہے، جو پرزور مذمت کے قابل ہے‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’نیازی حکومت کے لیے بے تابی میں انتہائی پستی میں جا رہے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے، ہماری مسلح افواج اور اس کی قیادت کو کمزور کر رہے ہیں‘۔

install suchtv android app on google app store