عمران خان کی ممکنہ گرفتاری؛ اسلام آباد پولیس نے نوٹس جمع کروا دیا

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  کی ممکنہ گرفتاری کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے نوٹس جمع کروا دیا۔

ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں ٹیم لاہور پہنچی تھی۔ ایس پی سٹی حسین طاہر نے ٹیم کے ہمراہ زمان پارک پہنچ کر وارنٹ گرفتاری دکھائے اور نوٹس جمع کروایا۔ اسلام آباد پولیس تاحال زمان پارک کر باہر موجود ہے, اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس کی معاونت کے لیے درخواست دی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے تمام پارٹی کارکنوں سے لاہور کے زمان پارک پہنچنے کی اپیل کی جب کہ ٹیلی ویژن رپورٹس میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں عدالتی سماعت سے مسلسل غیر حاضری پر سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کےلیے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے، لاہور پولیس کے تعاون سے تمام کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کیپیٹل پولیس اسلام آباد نے کہا کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس نے کہا کہ عمران خان گرفتاری سے گریزاں ہیں، ایس پی اسلام آباد پولیس کمرے میں گئے ہیں مگر وہاں عمران خان موجود نہیں، ٹیم عمران خان کی گرفتاری کےلیے پہنچی ہے۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات عمران خان کو پہنچا دیے گئے ہیں، اب دوسرا مرحلہ ان کی گرفتاری ہے، پولیس کی ٹیم وہاں موجود ہے اور ان سے کہہ رہے کہ عدالتی اخکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ہمارے ہمرا چلیں، ہم حتیٰ الامکان کوشش کریں گے کہ احکامات پر عمل درآمد ہو۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عدالتی احکامات میں انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، پولیس اپنا مکمل کرکے واپس آئے گی، صرف نوٹس پہنچانا نہیں تھا، وہ تو بذریعہ ڈاک بھی ارسال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ چلیں تاکہ عدالتی احکامات کی تعمیل ہو سکے اور انہیں عدالت میں پیش کیا جا سکے، اسلام آباد اور لاہور دونوں پولیس کی ٹیمیں سابق وزیراعظم کے گھر کے باہر موجود ہیں اور انہیں گرفتار کیے بغیر نہیں جائیں گی، پولیس کا کام عدالتی احکامات پر عملدر آمد اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے، ہم پوری کوشش کریں گے کہ وہ ہمارے ساتھ آئیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری کارروائی کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے مسلسل عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

install suchtv android app on google app store