پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نہ کھیلوں گا اور نہ کھیلنے دوں گا کی پالیسی سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے آئین کو توڑا گیا تو ملک کا نقصان ہوا، ملک آئین کےتحت چلے گا تو ترقی کرے گا، آئین کےخلاف فیصلے لیے گئے تو عوام کانقصان ہوا، آج تک ملک آئین کی وجہ سےچل رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضیاءالحق اور پرویز مشرف کا دور ایک امتحان تھا، حال ہی میں ہم سلیکٹڈ کے دور سے گزرے ہیں، سلیکٹڈ کا دور بھی آئین کے لئے امتحان تھا۔ ہم آج بھی امتحان سے گزر رہے ہیں، اگر ہم اس امتحان میں فیل ہوئے تو عوام، جمہوریت اور ملک کانقصان ہوگا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کے دور میں آئین اور نظام خطرے میں تھا،جس معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے ہم گزر رہے ہیں تاریخ میں کبھی اتنے بڑے بحران سے نہیں گزرے، پاکستان کا سیاسی میدان اتنا بڑا ہے کہ ہم سب اس میں رہ سکتے ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بلاول بھتو زرداری نے کہا کہ سابق وزیر اعظم 18ویں ترمیم کے خلاف تھا، عمران چاہتے تھے کس طرح مخالفین کو نشانہ بناؤں، ملک کو چلانے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ ہم اصول کے مطابق چلیں، نہ کھیلوں گا اور نہ کھیلنے دوں گا کی پالیسی سے پاکستان کا نقصان ہوگا۔