وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ہر ظلم کا حساب لیا جائے گا: وزیر اعظم

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کی وادی بے گناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہے، وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ایک ایک ظلم کا حساب لیا جائے گا۔ پاکستانی عوام اور حکومتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو سپورٹ کیا، تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر بھارت یقیناً پریشان ہو گا۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے، پاکستانی عوام اور حکومتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو سپورٹ کیا، تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر بھارت یقیناً پریشان ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مودی نے 2019 میں کشمیر کے اسپیشل اسٹیٹس کو بھی چھین لیا، 75 سال میں کشمیر میں لاکھوں مسلمان شہید کیے گئے، مسلمان یکسوئی سے کام کریں تو وہ دن دور نہیں جب ہر ظلم کا حساب لیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کو آزادی دلانی ہے تو معاشی طاقت بھی ضروری ہے، اپنی صفوں میں اتحاد اور معاشی استحکام لانا ہوگا۔ کشمیریوں کو حق دلانا ہے تو پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہوگا، اختلافات بھلانے، سادگی اپنانے اور قربانیوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھٹو صاحب نے کہا تھا گھاس کھائیں گے لیکن کشمیر کو آزاد کرائیں گے، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

اپنے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت بہت مالی چیلنجز ہیں، آئی ایم ایف والے حساب مانگ رہے ہیں، ان کا وفد ایک ایک چیز دیکھ رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کو آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store