وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ

وزیر اعظم شہباز شریف فائل فوٹو وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہوگئے۔

وزیر اعظم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات روانہ ہونے والے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زیدالنہیان سے ملاقات کریں گے جس میں دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ اور یو اے ای میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے بیان میں مزید بتایا کہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کاایک وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔

وزیراعظم کاعہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا متحدہ عرب مارات کا یہ تیسرا دورہ ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے دو دن قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کی تھی جس میں عسکری اور دفاعی امور زیر بحث آئے تھے اور دونوں نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store