صدر نے سمری پر دستخط کردیے، عاصم منیر آرمی چیف اور ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بن گئے

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مقرر فائل فوٹو لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نئے آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مقرر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی بھیجی جانے والی سمری کو منظور کرلیا۔

صدر مملکت نے عمران خان سے ملاقات کے بعد ایوان صدر میں قانونی ماہرین کے ساتھ اجلاس کیا اور غور کرنے کے بعد سمری پر دستخط کیے، جس کے بعد اب لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کردیا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور سمری کو منظوری کیلیے ایوان صدر بھیجا تھا۔

آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، شیری رحمان، عون چوہدری، چوہدری سالک حسین، امین الحق، شاہ زین بگٹی، مولانا اسعد محمود اور ریاض پیر زادہ شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔

ادھر ایوان صدر سیکرٹریٹ کو سمری موصول ہوگئی ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ صدر آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر دونوں تعیناتیاں کريں گے۔

install suchtv android app on google app store