عوامی مسلم کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بلاول بھٹو زرداری کو لال حویلی آنے کی دعوت دے دی ان کا کہنا ہے کہ صدقے جاؤں، بلاول صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اگر واپس آنا ہو تو اس کے پاس سفارتی پاسپورٹ ہے، انہیں اگر کورونا ہے تو اللہ اس کو صحت دے اور اگرڈرونا ہے تو اللہ حوصلہ دے۔
شیخ رشید نے کہا کہ قوم سے معافی مانگتا ہوں کہ مجھے بہت پہلے ٹوئٹر پر چلے جانا چاہیے تھا، انہوں نے کہا کہ جی کا جانا ٹھہر گیا ہے،26نومبر کو راولپنڈی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدقے جاؤں! بلاول زرداری صدر پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے، میں کہتا ہوں کہ بلاول دھمکی دینے سے پہلے لال حویلی سے ہوکر جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیکیورٹی کا اہم مسئلہ ہے، پہلے بھی انہیں مارنے کی کوشش کی گئی، ہماری کوشش ہوگی کہ عمران خان کا خطاب مغرب کے وقت سے پہلے ہوجائے کیونکہ عمران خان کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔ ڈاکٹرز نے بھی عمران خان کو کہا ہے کہ وہ سفر نہ کریں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ افواہیں زیرگردش ہیں کہ ٹیکنوکریٹ حکومت آنے والی ہے لیکن عمران خان کو کوئی ٹیکنوکریٹ حکومت قبول نہیں، عمران خان کہتا ہے کہ عدلیہ اور فوج دونوں میرے ادارے ہیں جو بھی آئے وہ میرٹ پر آئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ کا26نومبر کو تاریخی اجتماع ہوگا، سارا پاکستان راولپنڈی پہنچ رہا ہے، ہمارامطالبہ ایک ہی ہے کہ جلد از جلد صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔