احسن اقبال کا تحریک انصاف کے استعفوں کی صورت ضمنی انتخابات کی دھمکی

احسن اقبال فائل فوٹو احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی سے استعفے دیے تو ان حلقوں میں اپوزیشن کی جانب سے متحدہ امیدوار سامنے لائیں گے اور ضمنی انتخاب ہوگا۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ‘نیا پاکستان’ میں میزبان شہزاد اقبال کو انٹرویو میں احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے استعفوں کے حوالے سے سوال پر کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں اپوزیشن استعفے دینے کا کہا کرتی تھی تو ان کے وزیر، مشیر اور ترجمان کہا کرتے تھے کہ نظام کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، قانون حرکت میں آئے گا اور جہاں سے اپوزیشن استعفے دے گی وہاں ضمنی انتخاب ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: علی محمد خان کا استعفوں سے متعلق اہم بیان

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ایس او پی اس وقت بیان کی تھی وہ موجود ہے، اگر یہ استعفے دیتے ہیں تو جہاں ان کا استعفیٰ ہوگا اپوزیشن کے دوسرے نمبر رہنے والے امیدوار کی جماعت سے تعاون کریں گے اور ضمنی انتخاب میں ہمارے لوگ جیت جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس عددی اکثریت نہیں ہے کہ وہ نظام کو جول دے سکیں، خیبرپختونخوا میں جہاں ان کی اکثریت ہے وہاں یہ زیادہ سے زیادہ استعفے دے کر نظام کو بٹھائیں گے تو خیبرپختونخوا میں نئے انتخابات ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ہم استعفیٰ دینے کا آغاز قومی اسمبلی سے کر رہے ہیں، اگر شہباز شریف کے کاغذات پر ہمارے اعتراضات منظور نہیں ہوتے تو کل ہم استعفیٰ دے دیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کی اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے کہ حکومت کی تبدیلی ایک بہت بڑے بین الاقوامی ’رجیم چینج آپریشن‘ کے تحت ہوئی، ہم نے اس لیٹر کو ڈی کلاسیفائی کر کے اسپیکر اور چیف جسٹس کو بھی بھیجا اور چیئرمین سینیٹ کے پاس وہ پہلے ہی موجود ہے۔

install suchtv android app on google app store