سانحہ مری: پاک فوج نے متاثرہ افراد کو آرمی ریلیف کیمپس میں منتقل کردیا

پاک فوج فائل فوٹو پاک فوج

پاک فوج کے جوانوں نے برفباری سے متاثرہ افراد کو مری میں قائم پانچ آرمی ریلیف کیمپس میں منتقل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کے تمام متاثرین کو خوراک اور شیلٹر کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہیں، مختلف مقامات پر قائم ریلیف سینٹر پوری استعداد سے کام کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو کے ڈوزرز اور آرمی انجینئرز سڑکیں بحال کرنے میں مصروف ہیں جب کہ بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مشینری جہاں نہیں پہنچ سکی وہاں متاثرین کی امداد کےلیے پیدل فوجی دستے پہنچ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ آرمی انجینئرز اور جوان جھیکاگلی اور گھڑیال روڈ کو کلیئر کرچکے ہیں جب کہ جھیکاگلی اور کولڈنہ شاہراہ کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری ہے۔

واضح رہے کہ مری میں ہونے والی شدید برفباری میں کئی گھنٹوں سے پھنسنے سیاحوں میں سے 22 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، زندگی کی بازی ہارنے والوں میں دوخواتین اور آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store