پی ڈی ایم کا مہنگائی مارچ ملتوی ہونے کا امکان

پی ڈی ایم فائل فوٹو پی ڈی ایم

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے باعث پی ڈی ایم کا مہنگائی مارچ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات 27 مارچ کو ہونے جاریے ہیں، جس کی وجہ سے لانگ مارچ کی تحریک متاثر ہوسکتی ہے، اس لئے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرکے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی صوبائی قیادت سے لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی ہے، خیبرپختون خوا میں میری اور پنجاب میں شہبازشریف کی ذمہ داری تھی، 23 مارچ کے لانگ مارچ کے حوالے سے تمام جماعتوں نے جذبے کا اظہار کیا ہے، اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ 23مارچ کو پوری قوم مہنگائی کیخلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، لانگ مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ سربراہی اجلاس میں ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ وبرباد کردیا ہے، مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے، آج لوگ مہنگائی کی وجہ سے خودکشیاں کررہے ہیں، منی بجٹ پر کوئی بحث نہیں کرائی گئی، منی بجٹ کے بل کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں جانا چاہیے تھا، بل کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کنٹرول کرے گا، اسٹیٹ بینک نے حکومت کو کوئی قرضہ نہیں دیا، حکومت نے اب تک جتنے بھی قرضے لیے وہ کمرشل بینکوں سے لیے، ملک کو معاشی صورتحال سے نکالنا وقت کی ضرورت بن گئی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کو کبھی اپنا مخالف نہیں سمجھا، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو اپوزیشن کا حصہ سمجھتے ہیں، ہمارا مطالبہ عام انتخابات کا ہے، اور پیپلزپارٹی کے ساتھ ہماری سوچ اور فکر حکومت گرانے پر اتفاق رائےموجود ہے۔ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو بدترین شکست ہوئی ، کے پی کے بلدیاتی الیکشن کے نتائج سے ثابت ہو چکا ہے کہ عوام مزید اس حکومت کو برداشت کرنےکو تیار نہیں، اگلے مرحلے میں بھی حکمران جماعت کو ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا اور اس سے برا حشر ہوگا۔

install suchtv android app on google app store